وزیراعظم شہباز شریف اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں کی ریاض میں ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس سے خطاب بھی کیا (فوٹو: سکرین گریب)
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی منگل کو ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں سے ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقعے پر ریاض میں ون واٹر سمٹ کی کامیاب مشترکہ میزبانی پر فرانس کے صدر کو مبارک باد دی۔
انہوں ںے موسمیاتی تبدیلی اور ترقیاتی امور پر فرانس کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں صدر ایمانوئل میکخواں کی پاکستانی عوام کے لیے بھرپور حمایت کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور فرانس کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور فرانس کے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں بشمول سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان مفید اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بالخصوص موسمیاتی موافقت اور قابل تجدید توانائی سے استفادہ حاصل کرنے کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام علاقائی اور عالمی مسائل کے حوالے سے روابط کو مزید فروغ دینے کی مشترکہ خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہی صاف پانی اور آبی ذخائر کے تحفظ کے حوالے سے ون واٹر سربراہی اجلاس سے خطاب بھی کیا۔