آبی وسائل ختم ہو رہے ہیں، پانی کے مسائل دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں: شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’ہمارے دریا خشک، گلیشیئر اور آبی وسائل ختم ہو رہے ہیں، پانی کے مسائل دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں۔‘
شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار منگل کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صاف پانی اور آبی ذخائر کے تحفظ کے حوالے سے ون واٹر سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دنیا کی نصف آبادی کو پانی کی کمی کا سامنا رہتا ہے، ہماری آبادی کے 30 فیصد حصے کو بھی خشک سالی کا سامنا ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے اور اس کا 70 فیصد علاقہ بنجر و نیم بنجر اراضی پر مشتمل ہے۔‘
’زندگی برقرار رکھنے کے لیے پانی کے وسائل مسائل کی زد میں ہیں، پانی کا تحفظ انسانوں کو درپیش اہم چیلنجز میں سے ایک ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ بہتر ہمسائیگی کی مثال ہے۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’ڈیموں کی تعمیر اور دیگر عوام کی وجہ سے یہ معاہدہ دباؤ میں رہتا ہے۔ علاقائی امن و استحکام کے لیے معاہدوں پر عمل درآمد انتہائی اہم ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’2022 کے سیلاب کے بعد پاکستان کے آبی ذخائر کو شدید نقصان پہنچا، پانی کے مسائل کے حل کے لیے اجتماعی سوچ کی ضرورت ہے۔‘
آبی تحفظ کے مسئلے پر بروقت اجلاس بلانے پر سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور ورلڈ بینک کے شکرگزار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے عالمی سطح پر پانی کے مسائل کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔