ریاض سیزن کے دوران 300 جوڑوں کی اجتماعی شادی، تحائف کیا ملیں گے؟
تقریب کے انتظام کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط کیے گئے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ریاض سیزن کے دوران 300 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کی تیاریاں جاری ہیں۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ کی موجودگی میں تقریب کے انتظام کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
عرب نیوز کے مطابق جنوری 2025 میں اجتماعی شادی کی تقریب ریاض سیزن کی سماجی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔ ابوبکر سلیم سٹیج مردوں جبکہ محمد عبدہ ارینا سٹیج خواتین کے ہال کی میزبانی کرے گا۔
ترکی آل الشیخ، بلدیات و ہاؤسنگ کے وزیر ماجد الحقیل جو سکن فاؤنڈیشن کے چیئرمین بھی ہیں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت ڈونرز، پارٹنرز اور سپورٹرز سے عطیات وصول کیے جائیں گے۔
اس معاہدے کا مقصد اجتماعی شادی کے اقدام کی سپورٹ اور جود سکن پلیٹ فارم کے ذریعے نو بیاتہا جوڑوں کے لیے رہائش فراہم کرنا ہے۔
جبکہ جوڑوں کو ایک سال تک مفت انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے سعودی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی کے ساتھ معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔
سعودی فرانسیسی بینک نے ایک ملین ریال کی مالی مدد جبکہ عجلان اینڈ برادرز نے 20 لاکھ ریال سے زیادہ مالیت کے تحائف فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
ابو الحسن ٹریڈنگ اینڈ انویسٹمنٹ گروپ بھی ایک ملین ریال کی مالی مدد کرے گا۔ کئی اور کمپنیوں نے بھی جوڑوں کے لیے سروسز فراہم کرنے کو کہا ہے۔
ان خدمات میں مہمان نوازی، کھانا، ہال کی ڈیکوریشن، دولہا اور دلہن کے ملبوسات، خوشبو، گرومنگ، میڈیکل ٹیسٹ، کافی اور چائے اور خاندانی مشاورت کے سیشن شامل ہیں۔