Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوب 16 کانفرنس : بزنس فورم سے وزیر ماحولیات کا خطاب

خشک سالی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد اہم ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزیرماحولیات ، پانی و زراعت انجینئرعبدالرحمان الفضلی نے  خشک سالی سے متاثرہ زمینوں کی بحالی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پرزوردیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر ماحولیات نے ریاض میں منعقدہ ’کوب 16‘ کانفرنس کے تحت ہونے والے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ’ کوب 16 کانفرنس زمین کو خشک سالی سے بچانے کے لیے کی جانے والی مشترکہ جدوجہد کا مرکزی مقام ہے ،مملکت کی جانب سے خشک سالی اورغذائی تحفظ کے حوالے سے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کامیابی سے کیا جارہا ہے‘۔
انہوں نے واضح کیا کہ مملکت نے گزشتہ دہائیوں میں اس حوالے سے جدید حکمت عملی پر مبنی منصوبہ ترتیت دیا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیر ماحولیات نے کانفرنس کے حوالے سے کہا ’ سعودی عرب اس حوالے سے زمین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہے۔  سال 2030 تک 1.5 بلین ہیکٹر اراضی کی بحالی کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
تحفظ ماحولیات کے لیے نجی شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر ماحولیات انجینئرالفضلی نے کہا ’نجی شعبے کے کردار کی اہمیت تسلیم شدہ ہے‘۔
اس بارے میں پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے تحقیق ، ایجادات میں معاونت کے علاوہ بنجر ہوجانے والی زمینوں کی بحالی کے لیے یومیہ ایک ارب ڈالر کی فراہمی اہداف کے حصول کو آسان بناتی ہے‘۔
اپنے خطاب کے آخر میں وزیر ماحولیات نے اس بات پرزوردیا کہ خشک سالی کی وجہ سے متاثر ہونے والی زمین کی بحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی اشد ضرورت ہے  تاکہ آنے والی نسلوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔

شیئر: