سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ، عالمی سطح پر تیسرا نمبر
سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ، عالمی سطح پر تیسرا نمبر
ہفتہ 7 دسمبر 2024 17:43
9 ماہ میں سیاحوں کی تعداد میں 61 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں رواں برس غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد مملکت بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کے لحاظ سے عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے۔
اقوام متحدہ کی سیاحت کمیٹی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق سال 2019 کے مقابلے میں 2024 کے ابتدائی 9 ماہ میں مختلف ممالک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں 61 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت سیاحت و ٹورازم کمیٹی کی بہترین منصوبہ بندی سے مملکت کے سیاحتی شعبے میں جو نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔
مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں سیاحت کا فروغ بھی شامل ہے جس کے لیے متعلقہ وزارت اور ادارے سنجیدگی سے کوشاں ہیں۔
عالمی سطح پرسیاحوں کی جانب سے کیے جانے والے اخراجات کی مد میں بھی مملکت کی رینکنگ 15 تک پہنچ گئی ہے جو اس سے قبل 50 ویں نمبر پر تھی۔
سیاحوں کی تعداد میں ہونے والے اضافے کے گراف کے مطابق سال 2019 کے مقابلے میں 2023 میں سعودی عرب عالمی سطح پر 12 ویں نمبر جبکہ جی 20 ممالک کی سطح پر سال 2024 میں سرفہرست رہا۔
یاد رہے آئی ایم ایف نے بھی اپنی مشاورتی رپورٹ 2024 میں سعودی وژن 2030 کے تحت سیاحتی شعبے میں کامیابیوں کو سراہا تھا جبکہ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کی جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2034 تک سیاحت کا شعبہ عالمی معیشت کا 11.4 فیصد حصہ بنے گا جو 16 ٹریلین ڈالر کے لگ بھگ ہوگا۔
سعودی عرب آج دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی منزل ہے جس میں سال بھر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی میزبانی کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
سعودی وژن 2030 کا مقصد اس دہائی کے آخر تک 100 ملین وزیٹرز کو سعودی عرب آنے کے لیے راغب کرنا ہے۔