ایمباپے کا ’سویڈن زیادتی کیس‘ کی تحقیقات پر اظہار اطمینان
ایمباپے کا ’سویڈن زیادتی کیس‘ کی تحقیقات پر اظہار اطمینان
پیر 9 دسمبر 2024 19:18
دعویٰ کیا گیا تھا ’ایمباپے کو اسٹاکہوم میں ریپ کیس تحقیقات کا سامنا ہے۔ فائل فوٹو روئٹرز
عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی فٹ بالر اور رئیل میڈرڈ کے سٹار کھلاڑی کلیان ایمباپے نے کہا ہے ’دو ماہ قبل جب سویڈن سے میڈیا رپورٹس دیکھیں کہ وہ زیادتی کی تحقیقات کا موضوع ہیں تو انہیں حیرت ہوئی۔‘
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سٹار فٹبالر نے فرانسیسی ٹی وی چینل ’کینال پلس‘ کو پہلی بار اتوار کو دیے گئےانٹرویو میں اس معاملے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے یہ بات کی ہے۔
قبل ازیں اکتوبر میں سویڈن میں کئی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایمباپے اسٹاکہوم کے دورے کے دوران کس ریپ کیس کی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس وقت ایمباپے فرانس یا میڈرڈ کے لیے نہیں کھیل رہے تھے اورسابق فرانسیسی کپتان کی قانونی ٹیم نے ان رپورٹس کو غلط قرار دیا تھا۔
ایمباپے نے کینال پلس کو بتایا ’میں حیران تھا اور اب بھی حیران ہوں، یہ وہ چیزیں ہیں جو اچانک آپ کی زندگی میں آتی ہیں، جن کا آپ کو کوئی اندازہ نہیں ہوتا۔ یہ ناقابل فہم ہے اور میں نے کبھی سوچا تک نہیں کہ اس میں ملوث ہو سکتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں سویڈن بلایا گیا تو وہ ضرور وہاں جائیں گے لیکن حکام کی جانب سے تاحال ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
فٹبالر نے مزید کہا ’مجھے ابھی تک کوئی نوٹس نہیں ملا اور نہ ہی تحقیقات کے لیے کوئی بلاوا آیا ہے۔
ایمباپے نے کہا سویڈش حکومت نے اس بارے میں کوئی ایکشن نہیں لیا لہذا میں اس الزام پر کسی قسم کی تحقیقات پر فکر مند نہیں ہوں۔
اکتوبر میں جب یہ مییڈیا رپورٹس سامنے آئیں تو سویڈش حکام نے تصدیق کی تھی کہ وہ اسٹاک ہوم کے ایک ہوٹل میں کسی مشتبہ زیادتی کی تحقیقات کر رہے ہیں لیکن کسی مشتبہ شخص کا نام سامنے نہیں آیا تھا۔
اس سلسلے میں گزشتہ ماہ کے آخر میں ایک تحقیقاتی ادارے نے سویڈش اخبار ’آفٹن بلادیٹ‘ کو بتایا تھا کہ تحقیقات اب بھی جاری ہیں لیکن مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔