اماراتی صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے کہا ہے کہ ’غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے جنگ بندی سے متعلق امارات کے موقف کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے‘۔
الامارات الیوم کے مطابق ڈاکٹر انور قرقاش نے بیان میں کہا کہ ’عرب ممالک امداد کی فراہمی کے لیے جنگ بندی، اجتماعی سزا کی مخالفت، فلسطینیوں کی غزہ سے جبری بے دخلی کو مسترد اور کشیدگی میں کمی لانے کا مطالبہ کررہے ہیں‘۔
’متحدہ عرب امارات کا یہی موقف ہے جس کا اظہار ریم الھاشمی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے دو ٹوک الفاظ میں کیا ہے‘۔
ڈاکٹر انور قرقاش نے کہا کہ’ متحدہ عرب امارات کے موقف کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور جان بوجھ کر اسے مسخ کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے‘۔
’امارات کو بدنام کرنے والی مہم پانی کے بلبلے کی طرح بیٹھ جائے گی۔ جس سے کسی کو فائدہ یا نقصان نہیں ہوگا‘۔