Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورکر ویزے پر ایلون مسک اور ریپبلکنز میں اختلاف، ڈونلڈ ٹرمپ کس کے ساتھ؟

ایلون مسک اور ریپبلکنز میں ایچ ون بی ویزا پروگرام پر شدید اختلافات سامنے آئے ہیں (فوٹو: اے پی)
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک خصوصی ویزا پروگرام کے حامی ہیں جو انتہائی ہنرمند افراد کو ملک میں داخل ہونے میں معاونت دیتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ ’میں نے ہمیشہ (ایچ ون بی) ویزے کو پسند کیا ہے، میں ہمیشہ ویزوں کے حق میں رہا ہوں اسی لیے ہم انہیں (ٹرمپ کے زیرملکیت اداروں میں) رکھتے ہیں۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے درمیان ایچ ون بی ویزا پروگرام کے حوالے سے شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔
ایلون مسک نے غیرملکی ٹیک ورکرز کے لیے خصوصی ویزا پروگرام کا دفاع کیا ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے روایتی حامی اس پروگرام کے مخالف ہیں۔
اس معاملے پر ایلون مسک اور ٹرمپ کے روایتی حامیوں کے درمیان کئی دنوں سے لفظی جنگ جاری ہے جس کے بعد اب ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
ایلون مسک جو خود ایچ ون بی ویزے کے ذریعے جنوبی افریقہ سے امریکہ  آئے تھے، نے اس پروگرام کو امریکی ٹیکنالوجی انڈسٹری کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔
ایلون مسک نے جمعرات کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’بیرون ملک سے ایلیٹ انجینئرنگ ٹیلنٹ کو راغب کرنا امریکہ کی مسلسل جیت کے لیے ضروری ہے۔‘
نومنتخب صدر کے کئی نامور قدامت پسند حامیوں نے ناراضی کا اظہار کیا جو طویل عرصے سے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر رہے تھے۔
لورا لومر جنہیں انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کے ساتھ جہاز میں ساتھ سفر کرتے دیکھا گیا ہے، نے کہا کہ ’ہمیں صدر ٹرمپ کو ٹیکنوکریٹس سے بچانا ہے۔‘

ایلون مسک نے خبردار کیا ہے کہ وہ ایچ بی ون پروگرام کے معاملے پر ’جنگ‘ لڑیں گے (فوٹو: اے پی)

انہوں نے اور دیگر حامیوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی کارکنوں (کی تعداد) کو بڑھانا چاہیے اور امیگریشن کو مزید محدود کرنا چاہیے۔
ایلون مسک نے اس کے جواب میں خبردار کیا تھا کہ وہ اس معاملے پر ’جنگ‘ لڑیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے سٹریٹیجسٹ سٹیو بینن نے ٹیک پلیٹ فارم ’گیٹر‘ پر لکھا کہ ’ایچ ون بی پروگرام ایسے تارکین وطن کو لاتا ہے جو بنیادی طور پر امریکی شہریوں سے کم (تنخواہ) پر کام کرنے والے ملازم ہیں۔‘
انہوں نے ٹرمپ کے قریبی دوست اور ٹیسلا کے سی ای او کو ایک ’چھوٹا بچہ‘ کہا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں میں سے کچھ کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ وہ ایلون مسک جیسے ٹیک دنیا کے بڑے عطیہ دہندگان کے زیر اثر آ رہے ہیں اور اپنے انتخابی وعدوں سے ہٹ رہے ہیں۔

شیئر: