Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں بے روزگاری کی شرح میں معمولی کمی، تیسری سہ ماہی میں 3.7 فیصد رہی

لیبر مارکیٹ مضبوط کرنا طویل مدتی سماجی و اقتصادی حکمت عملی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مملکت میں بے روزگاری کی شرح 2024 کی تیسری سہ ماہی میں کم ہو کر 3.7 فیصد پر آ گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.5 فیصد پوائنٹ کم ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات  کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے ’سعودی اور غیر سعودی افراد کے لیے لیبر فورس میں شمولیت تیسری سہ ماہی کے دوران 66.6 فیصد تک پہنچ گئی۔‘
یہ شرح سال بہ سال 0.2 فیصد پوائنٹ اور سہ ماہی کے لحاظ سے 0.4 فیصد پوائنٹ کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
2024 کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں بے روزگاری کی شرح میں 0.4 فیصد پوائنٹ اضافہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سعودی عرب کی بہتر ہوتی ملازمت کی مارکیٹ وژن 2030 کے مطابق ہے جو سعودی شہریوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کا ایک خاکہ ہے۔ 
لیبر مارکیٹ کو مضبوط کرنا مملکت کی طویل مدتی سماجی و اقتصادی حکمت عملی کا ایک اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔
سعودی عرب نے بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے جون میں جدارت کے نام سے ایک متحدہ روزگار پلیٹ فارم لانچ کیا جو عوامی اور نجی شعبوں میں ملازمت کے مواقع کے لیے تلاش کرنے والوں کو جوڑتا ہے۔

 دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں شرح میں 0.4 فیصد پوائنٹ اضافہ ریکارڈ ہوا تھا۔ فوٹو عرب نیوز

رپورٹ میں بتایا گیا ہے ’سعودی شہریوں کے لیے ملازمت سے آبادی کا تناسب دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں 0.2 فیصد پوائنٹ بڑھ کر 47.4 فیصد ہو گیا اور 2023 کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں 1.1 فیصد پوائنٹ کا اضافہ ہوا۔
سعودی مردوں میں لیبر فورس کی شمولیت 66.9 فیصد تک پہنچ گئی جو سہ ماہی کے لحاظ سے 0.6 فیصد پوائنٹ کا اضافہ ہے جبکہ ان کی بے روزگاری کی شرح 0.7 فیصد پوائنٹ بڑھ کر 4.7 فیصد ہو گئی۔
مزید برآں 60.9 فیصد بے روزگار سعودی خواتین اور 44 فیصد بے روزگار سعودی مرد اپنے کام کی جگہ تک پہنچنے کے لیے کم از کم ایک گھنٹہ سفر کرنے کے لیے تیار ہیں۔
 

شیئر: