Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشہور انڈین یوٹیوبر رنویر الہ بادیا کا چینل ہیک، ماہانہ آمدنی کتنی؟

رنویر الہ بادیا کا شمار انڈیا کے کامیاب ترین یوٹیوبرز میں ہوتا ہے۔ (فوٹو: ایکس)
انڈیا کے مشہور یوٹیوبر رنویر الہ بادیا کا چینل ہیک ہوگیا ہے جس کے بعد اُن کے چینل سے تمام ویڈیوز کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔
شوبز ویب سائٹ کُوئی مُوئی کے مطابق رنویر الہ بادیا کا شمار انڈیا کے کامیاب ترین یوٹیوبرز میں ہوتا ہے۔
انہوں نے 22 سال کی عمر میں پوڈکاسٹ شوز کرنا شروع کیے اور اپنے مرکزی چینل ’بیئر بائسیپس‘ سمیت سات چینلز سے 1 کروڑ 20 لاکھ سبسکرائبرز حاصل کیے۔
رنویر الہ بادیا کے ’بیئر بائسیپس‘ چینل کو ہیکرز نے ہیک کر کے ایلون ٹرمپ ٹیسلا لائیو 2024 کے نام سے تبدیل کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ اُن کے ذاتی چینل کو بھی ہیک کر کے اُس کا نام ٹیسلا ایونٹ ٹرمپ 2024 رکھ دیا گیا ہے تاہم بدقسمتی سے اُن کے دونوں چینلز سے تمام ویڈیوز کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے رنویر اپنے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیادہ بات چیت نہیں کر رہے۔
انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں لکھا کہ ’کیا یہ میرے یوٹیوب کیریئر کا اختتام ہے؟ آپ سب سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔‘
دوسری جانب ایک اندازے کے مطابق رنویر الہ بادیا ’بیئر بائسیپس‘ اور دیگر چینلز سے تقریبا 35 لاکھ انڈین روپے ماہانہ کماتے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ اپنی ویڈیوز میں مختلف برینڈز کی تشہیر بھی کرتے ہیں جہاں سے انہیں آمدن حاصل ہوتی ہے۔
یوٹیوب کے علاوہ رنویر مشہور ٹیلنٹ منیجمنٹ کمپنی اور مارکیٹنگ ایجنسی منک انٹرٹینمنٹ کے بھی شریک بانی ہیں۔
اسی طرح وہ لیول مائنڈ باڈی سلیپ جرنل، راز، بیئر بائسیپس سِکل ہاؤس کے بھی شریک بانی ہیں۔
اندازے کے مطابق 2024 میں رنویر الہ بادیا کی مجموعی دولت 60 کروڑ انڈین روپے ہیں۔ وہ کیری مناٹی جن کی مجموعی دولت 410 کروڑ انڈین روپے اور بھووَن بام جن کی مجموعی دولت 122 کروڑ ہے کے بعد تیسرے امیر ترین انڈین یوٹیوبر ہیں۔

شیئر: