اماراتی وزیر خارجہ سے اسرائیلی ہم منصب کی ملاقات، غزہ میں انسانی بحران پر تبادلہ خیال
تنازعات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے منگل کو ابو ظبی میں اسرائیلی ہم منصب جدعون ساعر کا خیرمقدم کیا ہے۔
امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی حالیہ صورتحال خاص طور پر غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غزہ میں پائیدار جنگ بندی کے حوالے سے کی جانے والی علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اماراتی وزیر خارجہ نے مستقل جنگ بندی تک پہنچنے اور خطے میں تنازعات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نےکشیدگی اور تشدد کے خاتمے، شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ اور فوری انسانی امداد کی فراہمی کو آسان بنانے کی ہر ممکن کوشش کو اولین ترجیح قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا’ مشرق وسطی بڑھتی ہوئی کشیدگی اورعدم استحکام کا سامنا کررہا ہے۔ انتہا پسندی، کشیدگی اور بڑھتے ہوئے تشدد کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے۔‘
اماراتی وزیر خارجہ نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے لیے قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں کے لیے امارات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام اور ان کے حق خودارادیت کی سپورٹ کے لیے امارات کے دیرینہ موقف کو بھی دہرایا۔