امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بن بندر نے لاس اینجلیس اور اس کے قریبی جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثرہ علاقوں میں سعودی شہریوں کی سیفٹی اور سکیورٹی کےلیے سفارتخانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ایک بیان میں شہزادی ریما نے کہا سفارتخانہ اور قونصلیٹ آگ سے متاثرہ شہریوں کی سپورٹ کےلیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
لاس اینجلس میں موسم سرما کے دوران اس حد تک آگ کیسے پھیلی؟Node ID: 884212
متاثرہ علاقوں میں سعودی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا سفارتخانے اور قونصلیٹ کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا سفارتخانے کی ٹیم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور متاثرین کی فوری مدد کےلیے تیار ہے۔
سفارتخانے اور قونصلیٹ نے ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے ریسپانس ٹیم کو فعال کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگنے والی آگ پر تین دن گزرنے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا جس نے دو ہزار سے زیادہ گھروں اور ہزاروں عمارتوں کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فائر فائٹرز لاس اینجلس کے علاقے میں لگنے والی بڑی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں اب تک پانچ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
آگ نے بحر الکاہل کے ساحل سے لے کر پاساڈینا تک رہائشی علاقے کو تباہ کر کے ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے۔