ادارہ امور حرمین شریفین نے بعض زائرین کی جانب سے خانہ کعبہ میں کیے جانے والے غلط امور کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ایسا نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے زائرین کی آگاہی کےلیے ہدایات جاری کی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
خانہ کعبہ کی چابی 78 ویں نئے کلید بردار کے حوالےNode ID: 868356
ہدایات میں کہا گیا کہ ’ مقام ابراہیم یا خانہ کعبہ کی دیواروں اور غلاف کو چھونا غیراسلامی اعمال ہیں جو سنت سے ثابت نہیں۔‘
ادارہ امور حرمین نے مزید کہا’ طواف کعبہ کے لیے جو جائز عمل ہے وہ حجر اسود اور رکن یمانی کی جانب ہاتھ بلند کرکے تکبیر کہنا یا اگر ممکن ہو تو حجر اسود کو چھونا یا بوسہ دینا ہے۔‘
اس سے قبل ادارہ امور حرمین کی جنرل اتھارٹی نے عمرہ زائرین سے درخواست کی تھی کہ وہ طواف کعبہ کے دوران آداب کا خیال رکھیں، آواز بلند نہ کریں اور بلا وجہ ازدحام کا باعث نہ بنیں۔
زائرین حرم کو چاہیے کہ وہ اس عظیم مقام کی حرمت کے تقاضوں کا خیال کریں اور کوئی بھی ایسا عمل نہ کریں جو یہاں کے احترام و تقدس کے خلاف ہو۔
حجر اسود کو بوسہ دینے کے بارے میں ادارہ امور حرمین کا کہنا تھا عمرہ زائرین کوشش کریں کہ وہ ایسے وقت میں حجر اسود کو بوسہ دیں جب کعبہ میں ازدحام نہ ہو۔
طواف مکمل کرنے کے بعد بلا وجہ مطاف میں نہ ٹھہریں اور مطاف میں موجود اہلکاروں کی ہدایات پرعمل کریں۔