پاکستان کے سٹیڈیم میں انڈین جھنڈا نہ لگانے کی وجہ کیا؟
منگل 18 فروری 2025 12:13
عرفان احمد -اردو نیوز اسلام آباد
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم سے حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی میں شریک ممالک کے جھنڈے لہرائے گئے ہیں، لیکن انڈیا کا جھنڈا موجود نہیں۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر تنازع شروع ہوا کہ انڈیا نے پاکستان کا نام اپنی جرسی پر لکھوا لیا مگر پاکستان نے انڈین جھنڈا اپنے سٹیڈیمز میں نہیں لگایا۔
انڈین سوشل میڈیا صارفین ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یہ سوال کرتے رہے کہ انڈیا کا جھنڈا کہاں ہے؟

دوسری جانب پاکستان کے ایک سپورٹس رپورٹر عمران صدیقی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں انڈین جھنڈے کی تصویر شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ یہ تصویر ابھی تازہ ترین ہے اور نیشنل سٹیڈیم میں ہی لی گئی ہے، تاہم سب لوگ پروپیگنڈہ بند کر دیں۔

ایک انڈین صارف نے جواب میں لکھا ’آپ کے لوگ خود شروع کرتے ہیں اور پھر انڈینز کو بولتے ہیں۔‘

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’انڈیا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران اپنے میچ کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آ رہا ہے، کراچی کے نیشنل سٹیڈیم، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں صرف ان ممالک کے جھنڈے لہرائے گئے ہیں جو ان مقامات پر کھیلنے جا رہے ہیں۔‘
ذرائع کے مطابق ’انڈین ٹیم دبئی میں اپنے میچ کھیلنے جا رہی ہے اور بنگلہ دیش کی ٹیم بھی اس وقت دبئی میں موجود ہے، اس لیے بنگلہ دیش کا جھنڈا بھی سٹیڈیم میں موجود نہیں تھا۔ تاہم جن ممالک کی ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے آئی ہیں صرف انہی کے جھنڈے سٹیڈیم میں لہرائے گئے تھے۔‘
ایک اور موقع پر انڈین میڈیا ہندوستان ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ پی سی بی ذرائع نے انہیں بتایا ہے کہ ’آئی سی سی نے پی سی بی کو میچ کے دوران صرف چار جھنڈے لگانے کا مشورہ دیا ہے، جن میں ایک آئی سی سی، دوسرا پی سی بی، اور دو کھیلنے والے ممالک کے جھنڈے شامل ہوں گے۔
واضح رہے انڈین کرکٹ ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کیا تھا جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل میں تبدیل کر دیا اور اب انڈیا اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔
