اسلام آباد...الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں جواب جمع کرانے کی بجائے اپنا وکیل تبدیل کرلیا ۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے جواب کی ضرورت نہیں۔ اب صرف حکم سنائیں گے۔ الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ عمران خان سے توہین عدالت کی درخواست پر جواب مانگا گیا تھا۔ وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے نیا جواب تیار کرلیا گیا جو نئے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے ۔ پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے سماعت آئندہ ہفتے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی چیف الیکشن کمشنر برہم ہوگئے اور کہا کہ آپ نے اب تک جواب تیار نہیں کیا۔ وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان چترال میں ہیں اس لئے وقت دیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ عمران خان کبھی چترال میں ہوتے ہیں کبھی نتھیا گلی میں، جس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان قومی لیڈر ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ تو کیا ہم قومی ادارہ نہیں۔ عمران خان کے جواب کی ضرورت نہیں اب صرف حکم سنائیں گے۔