جدہ(نیوز ڈیسک) امسال سعودی سیاحوں کی توجہ کا مرکز دبئی رہا جہاں گرما کی تعطیلات کے دوران سب سے زیادہ سعودیوں نے رخ کیا جبکہ دوسرے نمبر پر مصر رہا جہاں سعودی سیاحوں کی اکثریت قاہرہ اور شرم الشیخ گئی۔ سال رواں کے دوران خطے کے موجودہ حالات کے باعث سعودی سیاح ترکی اور یورپ نہیں گئے۔ سعودی سیاحوں کا معمول رہا ہے کہ وہ گرما کی تعطیل پر ترکی کا رخ کرتے تھے جہاں سیاحت کے ساتھ علاج معالجہ بھی کروایا جاتا تھا جبکہ دیگر یورپ کو ترجیح دیتے تھے ۔ سعودی سیاحوں نے گزشتہ دنوں ہونے والے واقعات کی وجہ سے یورپ نہیں گئے جہاں سیاحوں کو کچلنے کے واقعات ہوئے۔ترکی اور یورپ میں سیاحت متاثر ہونے کی وجہ سے وہاں کے ہوٹلوں نے کرائے کم کردیئے ہیں۔ سعودی سیاحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے کے لئے ترکی کے ہوٹلوں نے رعایتی پیکیج کا بھی اعلان کررکھا ہے۔