ریاض(واس ) وزیرتعلیم و سربراہ سعودی اسکاؤٹس سوسائٹی ڈاکٹر احمد العیسیٰ نے واضح کیا ہے کہ امسال سعودی ہوائی اڈوں ، بندرگاہوں او ربری سرحدی چوکیوں نیز مکہ مکرمہ اور مشاعرہ مقدسہ میں 10خدمات کیمپ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے سعودی اسکاؤٹس سے کہا کہ وہ رضاکارانہ خدمات انتہائی احساس او رجذبے سے انجام دیں۔ تمام مہیا وسائل بروئے کار لائیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ نیز ہوائی اڈوں ، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر اسکاؤٹس کیمپ کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الفہد نے بتایا کہ اسکاؤٹس کیمپس ضیوف الرحمان کو متعدد خدمات پیش کرتے ہیں۔ ان کی بدولت سعودی نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ بڑھتا ہے۔ وطن کی ترقی میں حصہ لینے کا احساس اجاگر ہوتا ہے۔ حجاج کی خدمت کر کے زندگی کے مختلف شعبوں میں رضاکارانہ سرگرمیوں میںدلچسپی پیدا ہوتی ہے۔ الفہد نے توجہ دلائی کہ امسال اسکاؤٹس سوسائٹی میں پہلی بار مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 10ذیلی کیمپ لگائے جائیں گے۔ خدمات کیمپ کی شروعات 1382ھ میں 4500افراد کے ذریعے کی گئی تھی۔ ہر سال ان کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خواہش مندوںکی جانب سے درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ وزارت حج و عمرہ ، وزارت صحت ، مکہ میونسپلٹی، وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی ، وزارت تجارت و سرمایہ کاری ، اسلامی ترقیاتی بینک اور عرب حجاج کے معلمین کا نجی ادارہ اسکاؤٹس کو تعاون دیتے ہیں او راسکاؤٹس ان کے ساتھ مل جل کر ضیوف الرحمان کی خدمت کا اعزاز حاصل کرتے ہیں۔