راولپنڈی ...ملک کے مختلف علاقوں میںبارش کے باعث ہلاکتوں کی تعداد13 ہوگئی۔گوجرانوالہ میں6 افراد جاں بحق ہو ئے۔ اسلام آباد کی کچی بستی میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک خاندان کے3 افراد میاں بیوی اور بچی جاں بحق ہوگئے۔ساہیوال کے علاقے شاہ کوٹ میں2جبکہ مردان کے علاقے تخت بھائی میں مکان کی چھت منہدم ہونے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔کراچی کے علاقے کورنگی میں مکان کی چھت منہدم ہونے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پشاور کے علاقے ہزار خوانی میں دیوار گرنے سے کئی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ راولپنڈی میں موسلادھاربارش سے نالہ لئی میں طغیانی ہے۔ پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ ندیم کالونی، ڈھوک کالا خان سمیت کئی علاقے زیر آب آچکے ۔ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج طلب کرلی گئی۔ہیلی کاپٹر کے ذریعے نالہ لئی اور نشیبی علاقوں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔