Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر اپنے شہریوں کے ذریعے دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے ، عبدالرحمان السویدی

ابوظبی - - - - - - متحدہ عرب امارات میں اخوان المسلمون تنظیم کے سابق اہم عہدیدار عبدالرحمان خلیفہ بن السویدی نے انکشاف کیا ہے کہ دوحہ اپنے شہریوں کے ذریعے دہشتگردی کی پشت پناہی کرتا رہا ہے ۔ ابوظبی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے السویدی نے مزید کہا کہ قطری شہری محمود الجیدہ نے امارات میں خفیہ سرگرمیاں شروع کر رکھی تھیں جن میں تنظیم کی از سرنو تشکیل کیلئے بیرون ملک فرار ہونے والوں کو سرمایہ فراہم کر رہا ہے ۔اس حوالے سے قطری حکومت مکمل طورپر باخبر ہے ۔ السویدی نے مزید کہا کہ امارات سے فرار ہونے والوں کو قطر میں پناہ دی جارہی ہے ۔ جس کیلئے قطری حکومت ہر طرح کا تعاون اور سہولت فراہم کرتے ہوئے انہیں دستاویزات بھی فراہم کر رہی ہے ۔تنظیم کے اہم افراد کو امارات سے فرار ہونے کے لئے قطر کی جانب سے ہر طرح کا تعاون کیا جارہا ہے ۔ ان افراد کو قطر میں پنا ہ دینے کے بعد وہاں سے دیگر ممالک میں پہنچایا جائیگا۔ اس کا واضح مطلب ہے کہ دوحہ کی جانب سے ان افراد کو سفری دستاویزات فراہم کی جاتی ہیں ۔ السویدی نے مزید کہا کہ میں قطری شہری محمود الجیدہ کی گرفتاری سے ایک ہفتہ قبل اس کے ساتھ تھا ہم تھائی لینڈ میں جمع تھے جہاں خفیہ تنظیم کے اہم عہدیدار بھی موجود تھے ۔ الجیدہ کے ذمہ تھا کہ وہ امارات میں تنظیم کے عہدیداروں کی مکمل طور پر معاونت اور امارات میں تنظیم کو از سرنو مرتب کرے گا۔ الجیدہ کی گرفتاری کے بعد تنظیم کو سرمایہ پہنچانے کیلئے نئے سربراہ کو منتخب کیا گیا جس کے ذمہ قطر سے سرمایہ تنظیم کو منتقل کرنا اور انہیں ہر ممکن سہولت پہنچانا ہے ۔ السویدی نے مزید کہا کہ یہ بات قطعی طور پر ناممکن ہے کہ اس قسم کی کارروائیوں کے بارے میں دوحہ بے خبرہو اور اسے معلوم ہی نہیں ہو کہ انکے شہری کیا کچھ کر رہے ہیں ۔ قطر سے دیگر ممالک میں دہشتگردوں کو بھاری سرمایہ فراہم کیا جارہا ہو اور وہ قطری حکام کی نظروں سے پوشیدہ رہے یہ ممکن ہی نہیں۔ قطر کی جانب سے اخوان المسلمین کی بھرپور مدد ہی نہیں کی گئی بلکہ انہیں پناہ دیتے ہوئے انکے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھا گیا ۔علاوہ ازیں قطر کی جانب سے ترکی میں دہشتگردوں کی مالی اور دیگر طرح سے مدد کی گئی انہیں بھر پور میڈیا کوریج بھی حاصل رہی ۔

شیئر: