لکھنؤ- - - - -سماج وادی پارٹی کے 2قانون ساز کونسل کے ارکان کے استعفیٰ دینے کے بعد پارٹی میں مچے افراتفری کو سینیئرلیڈر شیوپال سنگھ یادو خطرناک اشارہ مان رہے ہیں۔ شیو پال سنگھ یادو نے کہا کہ پارٹی میں بڑی تعداد میں رہنما اور کارکن ملائم سنگھ یادوکی ذلت سے ناراض ہیں۔ اب بھی موقع ہے اکھلیش یادو پارٹی کی قیادت ملائم سنگھ یادو کو سونپ دیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو حالات بہتر ہوں گے نہیں تو حالات بدتر ہوتے جائیں گے۔انہوں نے یہ بیان کل دلی روانہ ہوتے وقت ایئرپورٹ پر دیا۔ انہوں نے کہاکہ میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ جے ڈی یو میں نہیں جارہا ۔ میری سیاسی زندگی سماج وادی پارٹی میں گزری ہے اور میں ڈاکٹر لوہیا کے نظریات کا حامی ہوں۔ ہاں یہ دوسری بات ہے کہ اگر اکھلیش یادو نے ملائم سنگھ یادو کیلئے پارٹی کی سربراہ کی کرسی خالی نہیں کی تو میں دوسری سیکولر پارٹی بناسکتا ہوں۔