حیدرآباد- - - - آندھراپردیش کے تروپتی کے آٹونگر میں پٹاخوںکی تیاری کے ایک یونٹ میں دھماکہ ہوا ۔ یہ یونٹ ایک مکان کے شیڈ میں چلایا جارہا تھا۔ گزشتہ رات پیش آئے اس واقعہ میں2 افراد ہلاک اور ایک خاتون شدید طورپر جھلس گئی۔جھلسی ہوئی خاتون کی شناخت دھنالکشمی کے طور پر کی گئی ہے جسے علاج کیلئے فوری طورپر اسپتال منتقل کردیا گیا۔مرنے والوںکی شناخت 13سالہ منجوناتھ اور 19سالہ منی کنٹن کے طور پرکی گئی ہے جبکہ اس واقعہ میں قریب میں رکھی ہوئی 2بائیکس اور ایک کار جل کر مکمل طورپر خاکستر ہوگئی ۔مقامی افراد نے میڈیا کو بتایا کہ رگھو عرف مائیکل نامی شخص سیشیا کے مکان کے شیڈ میں غیر قانونی طور پرپٹاخے تیار کررہا تھا۔اس واقعہ میں شیڈ کو بھی نقصان پہنچا۔اطلاع ملتے ہی تروپتی کے ایڈیشنل ایس پی سوامی،الی پیری پولیس ، ریونیوافسرمقام واقعہ پر پہنچ گئے ۔پولیس نے سیشیا کو حراست میں لے لیاجبکہ رگھو فرار ہوگیا۔