چوتھا ٹیسٹ:انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم،362کے جواب میں جنوبی افریقہ کے220/9 رنز
اولڈٹریفورڈ :جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلینڈ کیخلاف مشکلات سے دوچار ہے۔ اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بنائے اور اس کے9 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے ۔انگلینڈ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے اسے مزید 142 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی صرف ایک وکٹ باقی ہے۔ٹیمبا باوما نے 46رنز ، ہاشم آملہ نے 30رنز،ہینوکہان نے24رنز، کپتان ڈیوپلیسی نے 27رنز،کونٹن ڈی کوک نے24رنز اورربادا نے 24رنز بنائے۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر فاسٹ بولر کاگیسو ربادا 23 رنز بناکر آوٹ ہوگئے جبکہ مورنی مورکل 18رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ معین علی اور اسٹورٹ براڈ نے 2 ، 2 جبکہ ٹوبی رولینڈ جونزنے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں کپتان جوائے روٹ ،بین اسٹوکس اور وکٹ کیپر جونی بیر سٹو کی نصف سنچریوں کی مدد سے 6وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ بدقسمتی سے جونی بیرسٹو نروس نائٹیز کا شکار ہوکر صرف ایک رن کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہیں کرسکے اور 99 رنز بناکر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے۔ کپتان جوائے روٹ نے 52 جبکہ بین اسٹوکس نے 58 رنز کی اننگر کھیلی۔ اوپنرز ایلسٹر کک اور کیٹن جیننگز نے ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کیا۔جیننگز آوٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے 17 رنز بنائے لیکن اس کے بعد ایلسٹر کک کا ساتھ نبھانے ٹام ویسٹ آئے اور کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 92 رنز تک پہنچایا لیکن پھر اسی اسکور پر یکے بعد دیگرے دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔92 رنز پر 3وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ اور ڈیوڈ ملان نے چوتھی وکٹ کیلئے 52 رنز جوڑے لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، مورنی مورکل نے ملان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ سیریز میں انگلینڈ کو 1-2کی برتری ہے۔