اسلام آباد.. پاکستان نے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر منگل کوہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بلااشتعال فائرنگ کے بڑھتے واقعات خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا گیا جس میں کہا گیا کہ نئی دہلی مسلسل کنٹرول لائن پر فائرنگ کرکے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ کنٹرول لائن پر فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا واقعہ ناقابل قبول ہے ۔ سیز فائرمعاہدے کا احترام اور فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات کرائی جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہندوستانی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی تھی۔