’’بی جے پی بھگاؤدیس بچاؤ‘‘ریلی میں نتیش بنے لالو کانشانہ
پٹنہ۔۔۔۔ مہرولی ریلی مہینوں سے عوام کا موضوعِ بحث بنی رہی جس میں آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو نے بہار میں سیلاب کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں سیلاب آیا نہیں بلکہ لایا گیا ہے تاکہ بڑے پیمانے پر غبن کرنے کا موقع ہاتھ آئے۔ ممتا بنر جی ، جے ڈی یو کے باغی رہنما شرد یادو ،اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن رہنما غلام نبی آزاد نے مودی حکومت پر جم کر تنقید کی اور اپوزیشن کے اتحاد پر زور دیا۔پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقد ہ ریلی میں بڑی تعداد میں موجودحامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لالو پرساد نے کہا کہ فاشسٹ اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والی قوت کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے اپنے دل پر پتھر رکھ کر مہا گٹھ بندھن (عظیم تر اتحاد) کیا تھاتاہم یہ احساس ضرورت تھا کہ یہ آدمی(نتیش) ٹھیک نہیں کیونکہ میں اسے طالبعلمی کے زمانے سے جانتا ہوں جب وہ انجینیئرنگ کالج کا اسٹوڈنٹ تھا ،اسے میں نے سیاست کے گر سکھائے اور یہ میرا پروڈکٹ ہے۔ نتیش کمار کو ہم نے سینچا ۔ شرد یادو کی بدولت وہ دہلی میں وزیر بنے۔ طرفہ تماشہ یہ ہے کہ اب وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے لالوکو بنایا۔لالوپرساد نے نتیش کمار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نتیش نے مہاگٹھ بندھن میں رہتے ہوئے بھی بہار کی بیٹی کوو وٹ نہیں دیا۔سرجن گھوٹالے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تحقیقات سی بی آئی ، سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کی نگرانی میں کرائی جائے۔ سی بی آئی کے چھاپے کے حوالے سے لالو پرساد نے کہا کہ ’’نتیش جب بیمار پڑے تو سمجھو کوئی خطرناک قسم کی کارروائی انجام دینے میں لگا ہے۔اس مرتبہ جب بیمارپڑا اور کہنے لگا کہ بہت بخار ہے تو ہم سمجھ گئے کہ وہ علیحدگی اختیار کرنے والا ہے۔لالو پرساد نے کہا کہ جب میں وزیر اعلیٰ تھا توداروغہ اور پولیس ساتویں پاس لڑکے بھی بن جاتے تھے مگر اب محال ہوگیا ہے۔ لالو نے مرکزی حکومت پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اور امیت شاہ ہمارے بچوں پر کیس کررہے ہیں ۔بیٹی میسا پر بھی مقدمہ دائر کردیا گیا ۔ یہ تمام کارروائی محض دباؤ بنانے کیلئے کی جارہی ہے کہ لالو کہہ دے کہ میں مودی کے ساتھ ہوں۔میں یہ بات کھلے عام کہہ رہا ہوں کہ لالو کا ایسا خون ہے کہ پھانسی پر لٹک جائیں گے لیکن جھکیں گے نہیں ۔جے ڈی یو کے سابق صدر شرد یادو نے کہا کہ جمہوریت لفاظی سے نہیں سچائی سے چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے اگرچہ بہار میں مہا گٹھ بندھن سے اپنا رشتہ توڑ لیا لیکن اب پورے ملک میں عظیم تر اتحاد قائم ہوگا۔ شرد یادو نے کہا کہ آج ملک کی حالت ابتر ہوگئی ۔ہم نے کتنے وزیر ، رہنما اور وزیراعلیٰ بنائے لیکن خود کبھی اقتدار کی کرسی پربیٹھنے کا لالچ نہیں رکھا۔میں نے ہمیشہ ملک کے غریب عوام کی خدمت کی ہے کیونکہ عوام ہی سے ہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں مہاگٹھ بندھن توڑنے والوں سے کوئی شکایت نہیں مگر انہیں بتادینا چاہتا ہوں کہ اب مہاگٹھ بندھن کا قیام پورے ملک میں ہوگا۔لالو پرساد کے بیٹے اور سابق نائب وزیر اعلیٰ بہار تیجسوی یادو نتیش کمار پرجم کر برسے۔انہوں نے کہاکہ نتیش کمار’’ اچھے چاچا نہیں‘‘ رہے۔ نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہر ہر مودی نہیں ،بربر مودی اور گڑ بڑ مودی ہیں۔یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے وزیر اعظم مودی اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمارکو ہدف تنقید بناتے ہوئے تیجسوی سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ڈی این اے والا چاچا قرار دیااور ساتھ ہی مودی حکومت سے پوچھا کہ 3سال بیت گئے پر اچھے دن کہاں ہیں؟ربڑی دیوی نے الزام لگایا کہ سرجن گھوٹالے میں ملوث ابتک 6افراد کو زہریلا انجکشن لگا کر موت کی نیند سلا یا جاچکا ہے۔اسٹیج پر موجود شرد یادو کی تعریف کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ اصلی جنتا دل یونائٹیڈ شرد یادو کی ہے۔ ریلی میں شر دیادو ، ممتا بنرجی اور اکھلیش یادو کے علادہ پارٹی کے دیگر اہم رہنماؤ نے ’’بی جے پی بھگاؤ دیش بچاؤ‘‘ریلی سے خطاب کیا اوراور لالو پرساد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسٹیج پر کھڑے ہوکر عوام کے نعروں کا ہاتھ ہلاکر جواب دیا۔