جنوبی افریقی ٹیم2019 کا ورلڈ کپ جیت سکتی ہے، اوٹس گبسن
کیپ ٹاون: جنوبی افریقہ کے نئے ہیڈ کوچ اوٹس گبسن نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم2019 کا ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایسی کوئی وجہ نظر نہیں آ تی کہ دنیا کی کامیاب ترین ٹیموں میں سے ایک جنوبی افریقہ ورلڈ چیمپیئن نہ بن سکے ۔اوٹس گبسن اپنی کوچنگ میں ویسٹ انڈیز کو2012کاٹی 20 ورلڈ جتوا چکے ہیں اور اب اپنی نئی ذمہ داری سے بھی بڑی کامیابی کے حصول کے ساتھ عہدہ براءہونے کے خواہش مند ہیں۔ انگلش ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرا ٹیسٹ ان کی آخری ذمہ داری ہے جس کے بعد وہ اس ماہ کے آخر میں جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھال لیں گے۔انہوں نے کہا ایک ہی ٹیم ورلڈ چیمپیئن بنتی ہے اور میرے خیال میں جنوبی افریقہ بھی اس کی اہلیت رکھتی ہے۔ویسٹ انڈیز میں ہم یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں بھی کر دکھایا جائے۔اس ٹیم اور اس کے کھلاڑیوں کو دیکھا جائے تو ان میں کسی چیز کی کمی نہیں۔ ان کی صلاحیتوں کو درست انداز میں استعمال کرکے اسے چیمپیئن بنا یا جاسکتا ہے۔