سکھر...قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا ہے کہ ن لیگ کو سپریم کورٹ کا فیصلہ ماننا پڑے گا،سپریم کورٹ اعلیٰ ترین ادارہ ہے، انکار سے کچھ نہیں ہوگا۔سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ عمران خان نوازشریف کے لئے کہتے ہیں کہ وہ اداروں کے فیصلے نہیں مانتے۔عمران خان خود بھی تو اداروں کے فیصلے نہیں مانتے۔الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اسکے احکامات نہ ماننا اس ادارے کی توہین ہے۔انہوںنے کہا کہ سیاست میں کوئی مستقل دوست یا دشمن نہیں ہوتادیگرجماعتوں کواپنا اپوزیشن لیڈرلانے کا حق ہے۔ ایم کیوایم اور تحریک انصاف کی قربت پر مجھے تو کوئی اعتراض نہیں۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی نظر میں بہتر ہوگئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی اسمبلی کی مدت 4سال کرنے پر راضی ہے،ن لیگ نے بھی اس کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف، جماعت اسلامی سمیت دیگرجماعتوں سے مشاورت ہوئی ہے تا ہم نئے چیئر مین نیب کے لئے حتمی اتفاق رائے نہیں ہوا۔