کیا مگرمچھ نے ڈیم کی دیوار توڑی ؟لالو یادو
جمعرات 21 ستمبر 2017 3:00
پٹنہ۔۔۔۔راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالوپرساد یادو نے بہارکے بھاگلپور ضلع میں ٹرائل رن کے دوران پانی کے دباؤ سے گنگا پمپ نہر پر وجیکٹ کے ڈیم کی دیوار ٹوٹ جانے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آبی وسائل کے وزیر راجیو رنجن سنگھ کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے ان سے استعفیٰ دینے اور اس معاملے کی اعلیٰ سطح پرتحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ لالو یادو نے کہا کہ345کروڑ روپے کی لاگت سے تیار بٹی شور گنگا پمپ نہرپروجیکٹ کا افتتاح نتیش کمار کرنے والے تھے جس کی تیاریاں مکمل ہوچکی تھیںلیکن شام کو ٹرائل رن کے دوران ڈیم کی دیوار پانی کے دباؤ سے ٹوٹ گئی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسکی تعمیر میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی ہے۔انہوںنے کہا کہ اس واقعہ کے ذمے دارمحکمہ کے وزیر اور وزیر اعلیٰ ہیں،اس معاملے میں لاپروائی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔اس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات سے پہلے قصوروار وزیر اور وزیر اعلیٰ کو استعفیٰ دیدینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بہار میں سیلاب سے جو تباہی ہوئی اسکے بھی ذمہ دار وزیر اعلیٰ اور آبی وسائل کے وزیر ہیں۔ شمالی بہار میں جب سیلاب آیا تو آبی وسائل کے وزیر نے کہا تھا کہ باندھ کے اوپر گاؤں والے اناج رکھتے تھے جہاںچوہوں نے سوراخ کرکے گھر بنالیا جس سے باندھ ٹوٹ گیا تھا۔ اب آبی وسائل کے وزیر بتائیں کہ بھاگلپور میں کیا مگر مچھ نے ڈیم کی دیوار توڑی ہے؟