ریاض..... سعودی عرب کے قائدین اور عوام آج 23ستمبر 2017ءکو 87واں یوم وطنی منا رہے ہیں۔ سرکاری اور عوامی سطح پر مملکت بھر میں قومی دن کا جشن شایان شان طریقے سے پروقار انداز میں منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے قوم کے نام پیغام جاری کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے حرمین شریفین اور زائرین کی خدمت کا جو اعزاز عطا کیا ہے اس کا استحقاق ماضی کی طرح حال و مستقبل میں بھی ثابت کیا جاتا رہیگا۔ سعودی وژن2030کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انتھک جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے پراگندہ شیرازے کو جمع کرنے کی یاد مناتے وقت سعودی مرد و خواتین جی جان سے خوش ہیں۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود رحمتہ اللہ علیہ نے پراگندہ ریاستوں کو مملکت سعودی عربیہ کے سائبان تلے ایک لڑی میں پرویا تھا۔ انہوں نے سعودی ریاست کے ستون استوار کئے تھے ۔ پھر انکے صالح فرزند حکمرانوں نے انکے مرتسم کردہ راستے پر چل کر مملکت کو بنانے سنوارنے میں حصہ لیا۔وطن عزیز کے مخلص فرزندوں نے اپنی مبارک مساعی کے ذریعے مملکت کے قیام اور پھر اسکی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردارادا کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یوم الوطنی ہمیں بیحد عزیز ہے۔ اس موقع پر ہم حرمین شریفین کی خدمت ، نگہداشت اور انکی زیارت کیلئے آنے والے حجاج ، معتمرین اور زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کا اعزاز عطا کرنے پر رب العالمین کے شکر گزار ہیں۔ سعودی ریاست نے اس عظیم ہدف کو حاصل کرنے کیلئے جملہ وسائل وقف کررکھے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں امن و امان، سکون و اطمینان اور ترقی و خوشحالی کی نعمتوں سے مالا مال کررکھا ہے۔ ہم اس پر بھی رب کے شکر گزار ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں زندگی کے تمام امور و معاملات میں قرآن و سنت کا نہج اپنانے کے اسباب و وسائل عطا کئے ہوئے ہیں۔ اس پر بھی ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہماری ریاست کو قدرتی وسائل اور اہل افرادی قوت نیز منفرد اسٹراٹیجک محل وقوع بخشا ہے جسکی بدولت یہ ریاست ترقی یافتہ ممالک کی صف میں آسکتی ہے۔ اس پر بھی ہم اللہ تعالیٰ کے ممنون و مشکور ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے توجہ دلائی کہ یہ ساری نعمتیں ہم سے اس امر کا تقاضا کرتی ہیں کہ ہمیں جو کچھ ملا ہے اسکی حفاظت کریں اور مزید ترقی اور کامیابی کی نئی منزلیں سر کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ان دنوں قائد اعلیٰ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی رہنمائی میں وطن عزیز اس ریاست کے سابق حکمرانوں کے کارروان تعمیر و ترقی کو آگے بڑھارہے ہیں۔ اسلام کی خدمت او رمسلمانوں کی نصرت میں لگے ہوئے ہیں۔ اس پر قائد اعلیٰ کو ہم خراج قدر ومنزلت و شکر وتحسین پیش کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انکی عمر دراز کرے۔ انکی محنت میں برکت دے اور انہیں اپنے عوام ، اپنے وطن اور اپنی امت کی طرف سے بہترین اجر سے نوازے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ وطن عزیز کے اتحاد کے اس انمول موقع پر ہمیں اس بات کا بھی احساس کرنا ہے کہ سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی سطحوں پر موثر کردار ادا کررہا ہے اور اسے منفرد رتبہ حاصل ہے۔ ہمیں اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کرنا ہے کہ سعودی عرب عالمی امن و سلامتی کے حوالے سے اپنے عہد و پیمان کی پابندی کرتا رہیگا۔ بنی نوع انساں کی صلاح و فلاح کی کوشش جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقام شکر ہے کہ سعودی عرب جی ٹوئنٹی کا موثر ممبر ہے جو پوری دنیا میں مضبوط اقتصادی طاقتوں کا مجموعہ ہے۔ ہماری آرزو ہے کہ سعودی عرب ہر سطح پر مثالی قائدانہ کردار ادا کرے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی نوجوانوں اور لڑکیوں سے کہا کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ سعودی وژن 2030کیلئے انتھک محنت کریں۔ روشن مستقبل کیلئے ٹھوس جدوجہد کریں۔ ملکی مفاد کیلئے مطلوب ہر مشن میں حصہ لیں۔ ترقی یافتہ ممالک کے زمرے میں آنے کی کوشش جاری رکھیں۔ دین اسلام کے غیر متزلزل اصولوں اور پاکیزہ اقدار کو سینے سے چمٹائے رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے اپنے قائد اعلیٰ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت یہ بات ثابت کردی ہے کہ یہ ملک حق کی نصرت ، انصاف کا بول بالا کرنے سے متعلق اپنے غیر متزلزل اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ ہمارا ملک علاقائی اور عالمی امن وسلامتی کی بحالی اور برقراری میں اپنا کردارادا کررہاہے۔ دہشتگردی کے انسداد میں سعودی مساعی کا ایک جہاں معترف ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنا پیغام ختم کرتے ہوئے دین و وطن کے تحفظ کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سعودی فوجیوں کو سلام تعظیم و شکر پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائے وطن پررحم فرمائے۔ انہیں جنت میں بہترین مقام سے نوازے ، زخمیوں کو شفائے کامل و عاجل عطا کرے۔ وطن عزیز کو ہر آفت و بلا سے بچائے رکھے او ر امن و امان ، ترقی و خوشحالی اور صلاح و فلاح کی نعمتوں سے ہمیں نہال رکھے۔