ایئر بس، فلائی ناس کو 5 سال میں 100 طیارے فراہم کرے گی
ایئربس کمپنی کے ایگزیکٹیو وفد نے ایئرلائن کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ (فوٹو عاجل)
سعودی لو بجٹ فضائی کمپنی فلائی ناس نے اعلان کیا ہے کہ اسے آئندہ پانچ برس کے دوران 100 سے زیادہ ایئربس طیارے ملیں گے۔ ایئرلائن کے بیڑے میں 2030 کے آخر تک طیاروں کی تعداد 160 سے زیادہ متوقع ہے۔ یہ اس کے 280 طیاروں کے آرڈرز کا حصہ ہے جس کی مالیت 161 ارب ریال لے جو اس خطے کا سب سے بڑے خریداری کے آرڈرز میں سے ایک ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق فلائی ناس مشرق وسطی کی لو بجٹ ایئرلائن ہے جو دنیا کے مختلف ممالک اور شہروں کو سعودی عرب سے جوڑے ہوئے ہے۔
ایئربس کمپنی کے ایگزیکٹیو وفد نے ریاض میں فلائی ناس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ فلائی ناس نے 2025 میں پہلا ایئربس اے 320 نیو طیارہ وصول کیا ہے، اس کے بیڑے میں ایسے طیاروں کی تعداد 54 تک پہنچ گئی،جو کمپنی کی سٹریٹجک ترقی اور توسیعی منصوبوں کے مطابق ہے۔
سعودی ایوی ایشن کی حکمت عملی قومی فضائی کمپنیوں کو 250 بین الاقوامی مقامات کو مملکت سے جوڑنے کے ساتھ 2030 تک 330 ملین مسافروں تک پہنچنے اور سالانہ 100 ملین سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد دے گی۔
ایئر بس کے وفد نے بدھ 12 فروری کو ریاض میں فلائی ناس کے ہیڈکوارٹر کے دورے میں کمپنی کے سینیئر ایگزیکٹیوز سے ملاقات کی۔ تعاون کے امکانات اور سٹراٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر فلائی ناس کے سی ای او اور مینجنگ ڈائریکٹر بندر المھنا نے کہا فلائی ناس اور ایئربس کے درمیان تعلقات 2016 میں 120 طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کے بعد مزید استوار ہوئے۔ 2024 میں 160 ایئر بس اے 320 اور اے 330 وائڈ باڈی طیاروں کے آرڈر پر دستخط کے ساتھ یہ شراکت مزید ایک قدم آگے بڑھی ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/February/21/2025/httpswhatsapp.comchannel0029va9a4c1hrdzktw7gej01_53.jpg)