اسلام آباد...قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے 310 ارب روپے مالیت کے9منصوبوں کی منظوری دیدی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اجلاس میں بلوچستان تعلیمی منصوبے کیلئے 3 ارب 57کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ۔ دیگر منصوبوں میں 14 ارب26 کروڑ مالیت سے خانیوال۔ رائیونڈ ریلوے ٹریک کو دو رویہ کرنے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت207 ارب54کروڑ 60 لاکھ روپے کے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی، خیبرپختونخوا میں 17ارب10 کروڑ روپے مالیت سے سڑکوں کی تعمیر وبحالی اور 9ارب70 کروڑ 50 لاکھ روپے کی مالیت سے لیہ اور تونسہ کو ملانے کیلئے دریائے سندھ پرچاررویہ پل کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔پشاور اور نوشہرہ میں11 ارب13ہ کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کی مالیت سے وارسک کینال سسٹم کی مرمت کی منظوری بھی دی گئی ۔ وفاقی اور خیبرپختونخوا کی حکومتیں مساویانہ طورپر لاگت برداشت کریں گی۔وزیراعظم کی نوجوانوں کی تربیت کی ا سکیم کیلئے 26 ارب60 روپے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔کمیٹی نے جامشورو میں 320 میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کی تعمیر کیلئے 39 ارب روپے کی ریاستی ضمانت کی منظوری دی۔