Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی حصص مارکیٹ میں مندی، انڈیکس 7ہزار سے گر گیا

سرمایہ کاروں کو 60ارب ریال کا نقصان ، سودوں ، حجم اور کاروباری مالیت میں اضافہ
غیاث الدین۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی حصص مارکیٹ میں مندی چھائی رہی۔ ایک ہفتے میں تداول آل شیئر انڈیکس 413پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 7ہزار کی نفسیاتی حد سے گر کر 6987.76پوائنٹس پر بند ہوا۔ پرائس انڈیکس میں تو ضرور کمی ہوئی مگر دوسرے اشاریئے مثبت زون پر بند ہوئے سودوں اور حجم میں بالترتیب 8فیصد اور 6فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا جبکہ کاروباری مالیت 10فیصد اضافے کے بعد 16ارب ریال تک پہنچ گئی۔ اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ گرتی ہوئی مارکیٹ میں سرمایہ کارخریداری کر رہے تھے۔ حصص کی قیمتیں کم ہونے سے سرمایہ کاروں کو 60ارب ریال کا نقصان ہوا۔ انشورنس سیکٹر میں سب سے زیادہ نقصان ملاذ انشورنس کو ہوا جس کی قیمت 17.19فیصد انحطاط کے بعد 13.68ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس کے بعد نقصان کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر العالمیہ انشورنس رہی جس کی قیمت 16.58فیصد کمی کے بعد 24.30ریال تک گر گئی۔ بینکنگ سیکٹر میں سب سے زیادہ نقصان بینک الجزیرہ کو ہوا جس کی مارکیٹ پرائس 15.54فیصد نقصان کے بعد 11.63ریال کی سطح پر آگئی جبکہ الراحجی بینک میں سب سے زیادہ خرید و فروخت دیکھی گئی اور اس میں 3.8ارب ریال سرمایہ کاری ہوئی اور اس کی قیمت 4.01فیصد کمی کے بعد 63.64ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ میٹریلز سیکٹر میں ہیوی ویٹ سابک بھی نقصان سے نہ بچ سکی اور اس کی قیمت 2.90فیصد انحطاط کے بعد 98.74ریال پر آگئی۔ اس گرتی ہوئی مارکیٹ میں سب ہی خبریں منفی نہیں تھیں۔ سعودی انڈسٹریل انوسٹمنٹ گروپ جس نے 5فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا اس کی قیمت 5.87فیصد فروغ کے بعد 22.36ریال پر پہنچ گئی۔

شیئر: