جدہ .... بلدیہ کی جانب سے شہر کے بعض تفریحی مقامات پر بنائے جانے والے بیت الخلا کا انتظام نجی کمپنی کے سپرد کر دیا۔ کمپنی خدمات فیس کے طور پر بیت الخلا استعمال کرنےوالوں سے 2 ریال فیس وصول کررہی ہے ۔ اس ضمن میں سبق نیوز کے ایک سروے میں بعض لوگوں نے اس اقدام کی مخالفت کی جبکہ بعض نے اسے سراہتے ہوئے کہا کہ نجی کمپنی کی خدمات سے صفائی مستقل بنیادوں پر کی جائیگی جو اچھا اقدام ہے ۔ اس ضمن میں لوگوں کا کہنا ہے کہ تفریحی مقامات پر بیت الخلا میں صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ بعض مقامات پر بیت الخلا میں پانی نہیں ہوتا تھا جبکہ بعض انتہائی گندے ہوتے تھے ۔ نجی کمپنی کو بیت الخلا کی مستقل صفائی کے انتظامات دینے سے انکی حالت بہتر ہوگی کیونکہ مستقل بنیادوں پر کارکن وہاں متعین ہوتے ہیں جو پانی کی مستقل فراہمی اور صفائی کے انتظامات کا فوری جائزہ لیتے رہتے ہیں ۔ دوسری جانب بعض لوگوں نے اس اقدام کوغلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ تفریحی مقامات پر بیت الخلامیں پانی کی فراہمی اور مستقل بنیادوں پر صفائی کے انتظامات کرنا بلدیہ کی ذمہ داری ہے اس کےلئے فیس مقرر کیاجانا درست نہیں ۔ لوگو ں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کی فلاح کےلئے کام کریں ۔