امریکی فوج کو شمالی کوریا کیخلاف تیار رہنے کی ہدایت
اتوار 29 اکتوبر 2017 3:00
واشنگٹن۔۔۔ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا کہ ہم اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہردم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر امریکہ اور اسکے اتحادیوں کو دفاع پر مجبور کیا گیا تو اپنی حفاظت کیلئے ہرآپشن استعمال کریں گے۔ نارتھ ڈکوٹا ائیربیس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کا نیوکلیئرپروگرام ختم کرنے کیلئے امریکہ اپنا دباؤ برقراررکھے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کیلئے مہم سے دستبردار نہ ہونے پر مکمل طور پر تباہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ دوسری جانب امریکہ کی مسلح فوج کے سربراہ جیمز میٹس نے شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ پیانگ یانگ جوہری ہتھیاروں کے ذریعے ہمیں تباہ کرنے کی دھمکیاں دینا بند کرے۔جنرل جیمز میٹس نے جنوبی کوریا کے وزیر دفاع سانگ یانگ مو کے ہمراہ شمالی کوریا کی سرحد سے کچھ فاصلے پر واقع غیر مسلح زون کا دورہ کیا۔اس موقع پر جنرل جیمز میٹس نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ اُن کی حکومت کو جارحانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنانگ یانگ اپنے لوگوں کے ساتھ بُرا برتاؤ کرتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا کے ہمسائے میں جنوبی کوریا واقع ہے جس نے اپنے لوگوں کیلئے جمہوریت کو ترجیح دی ہے۔جیمز میٹس نے کہا کہ ہمارا مقصد جنگ نہیں بلکہ جزیرہ نما کوریا کو مکمل اور ناقابل واپسی غیرنیوکلیئر خطہ بنانا ہے۔