Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی:"فرضی انعام"کا لالچ دے کر تارکین کو لوٹنے والا ایشیائی گروہ گرفتار

دبئی ...... انسداد جرائم کی دبئی پولیس نے فرضی انعام کا لالچ دے کر تارکین کو لوٹنے والا 40رکنی ایشیائی گروہ گرفتار کر لیا۔ قبضے سے 90موبائل برآمد ہوئے۔ 110ٹیلیفون کی لائنیں استعمال کر رہا تھا۔ فریج المرر میں 2فلیٹ کرائے پر لے کر دھوکہ دہی اور جعلسازی کے دھندے میں مصروف تھا۔ بعض متاثرین کو ترسیل زر کی سہولت بھی فراہم کر رہا تھا۔ اقتصادی جرائم کے انسداد کے ادارے کے ڈائریکٹر کرنل عمر بن حماد نے بتایا کہ مذکورہ فلیٹس میں ایشیائی کثیر تعداد میں مقررہ اوقات پر آتے جاتے دیکھے گئے تھے۔ دونوں فلیٹس کی نگرانی شروع کر دی گئی۔ صبح 9بجے سے دوپہر 2بجے تک چند لوگ فلیٹس میں آتے ۔ ان کی تعداد لگ بھگ 20ہوتی اور دوبارہ 3بجے سے شام 6بجے تک ڈیوٹی دیتے۔ پبلک پراسیکیوشن سے اجازت لے کر دونوں فلیٹس پر چھاپہ مارا گیا ۔ پتہ چلا کہ دونوں اڈے ایک شخص ہی چلا رہا تھا۔ اڈے کے کارکن مختلف لوگوں کو بن جانے فون پر رابطے کرتے ان سے کہتے کہ تمہارا انعام نکلا ہے۔ اس سے ترسیل زر کے لئے کہا جاتا ۔ ابن حماد نے بتایا کہ گروہ کے قبضے سے 90موبائل اور 60ہزار درہم برآمد ہوئے۔ دعویٰ کیا جاتا تھا کہ 2لاکھ درہم کا انعام نکلا ہے اور رقم کی وصولی کیلئے 2ہزار درہم مقررہ پتے پر بھجوانے ہوں گے۔ کئی ملزمان غیر قانونی طور پرمقیم تھے۔ سیاحتی ویزہ پر آکر ٹھہر گئے تھے۔ بیشتر عربی زبان روانی سے بولتے تھے۔ گرفتار شدگان کو تحقیقات مکمل اور قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا۔

شیئر: