Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

"وعد بلفور"پر برطانیہ کی 100شخصیات کا فلسطینیوں سے اظہار معذرت

 غزہ.... سرزمین فلسطین پر اسرائیلی ریاست کے قیام کی داغ بیل ڈالنے والے "وعد بلفور" کی صد سالہ برسی نے برطانیہ کے سوئے ہوئے ضمیر کو جھنجوڑنا شروع کر دیا۔ برطانیہ کی 100شخصیات نے اس موقع پر برطانیہ سے رام اللہ تک کا سفر پیدل طے کر کے فلسطینیوں سے اظہار معذرت کیا۔ الفتح تاریخ نے اس موقع پر بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام کیا تھا۔ مکہ اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ برطانیہ کاہن کریس روز نے رام اللہ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ برطانیہ سے رام اللہ تک پیدل چل کر آئے ہیں۔ ہم نے یہ سفر 147دن میں طے کیا ہے۔ گیارہ ملکوں سے ہمارا گزر ہوا۔ ہم نے ہر جگہ وعد بلفور سے فلسطینیوں کو پہنچنے والے بھاری نقصان پر دلی معذرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سر زمین صرف فلسطینیوں کی ہے کسی او رکی نہیں۔ ہمیں اسرائیل کے خلاف بائیکاٹ اور وہاں سے سرمایہ نکالنے کی مہم چلاتے رہنا ہو گی۔ فلسطینی صدر محمود عبا س نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی تاریخی غلطی پر فلسطینیوں سے معذرت کرے اور خود مختار ریاست فلسطین کو تسلیم کر کے اپنی غلطی کا تدارک کرے۔انہو ںنے کہا کہ برطانوی حکومت کیلئے یہ بات باعث ننگ و عار ہے کہ وہ اسرائیل کو جنم دینے پر اظہار فخر کرے اور وعدبلفور کے باعث فلسطینی عوام کو پہنچنے والے المناک حالات کا جشن منائیں جبکہ 138ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم بھی کر چکے ہیں۔

شیئر: