”#شاہ_سلمان_کا_ کرپشن_کے _خلاف_ اعلان_جنگ“ عالمی ٹرینڈ بن گیا
ٹویٹر پر سعودی صارفین کی طرف سے جاری ہونے والا ہیچ ٹیگ#شاہ_سلمان_کا_ کرپشن_کے _خلاف_ اعلان_جنگ چند گھنٹے کے بعد عالمی ٹرینڈ بن گیا جس پر لاکھوں صارفین نے نہ صرف کمنٹ کیا بلکہ ری ٹویٹ بھی کیا۔ اعداد وشمار کے مطابق ہیچ ٹیگ پر 10لاکھ ٹویٹ کئے گئے۔ مذکورہ ہیچ ٹیگ شاہی فرمان کے بعد جاری کیا گیا جس میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ولی عہد کی سربراہی میں کرپشن کے خلاف اعلی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
عالمی ٹرینڈ بننے والا ہیچ ٹیگ میں ٹویٹرز نے شاہ سلمان اور ولی عہد کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کے سابق وزرائ، نائب وزرائ، اعلی عہدوں پر فائز افراد کے علاوہ معروف تاجروں کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ایوان شاہی کے مشیر اور اسپورٹس بورڈ کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تاریخی ہے، کرپٹ عناصر نہیں بچ سکتے۔ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ریاست میں کرپٹ عناصر کےلئے کوئی جگہ نہیں۔
ولی عہد کے دفتر کے سیکریٹری بدر العسکر نے ٹویٹ کیا: ملک کے لئے تاریخی اور کرپٹ عناصر کے لئے سیاہ رات ہے جس میں ملک کے مفاد کے لئے بہترین فیصلے کئے گئے۔
سعودی ٹویٹر بن خالد نے لکھا: سعودی عرب اس سے بہتر کا حقدار ہے۔ ہمیں اچھے دنوں کی امید ہے۔ یہ وطن ہم سے قربانیوں کا تقاضا کرتاہے۔
سعودی شہری سالم آل سحمان نے ٹویٹ کیا: ولی عہد سے امید ہے کہ وہ سعودائزیشن میں خرد برد کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیں۔