اسلام آباد ...سابق وزیر اطلاعات پرویز رشیدنے آئندہ کبھی وزیر نہ بننے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے کوئی ذاتی رنجش نہیں۔ان کا اپنا اورمیرا اپنا نقطہ نظر ہے۔ ہم دونوں اپنی اپنی بات پر پارٹی کو قائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ وقت اور حالات نے پارٹی کو وہ باتیں سمجھا دیں جو ہم کہتے ہیں ۔چوہدری نثار کی باتیں لوگ قبول نہیں کرتے ۔ٹی وی انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ سابق وزیراعظم نوازشریف پر ملک لوٹنے اور کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوا ۔ ہمیں آج بھی نہیں پتہ کہ نوازشریف کا جرم کیا تھا ۔کیا اقامہ بنا کر پاکستان کو لوٹا گیا ؟جو شخص اربوں کے اثاثے ڈکلیئر کر دے وہ 12لاکھ کے اقامے کیوں چھپا ئے گا ۔نوازشریف کا اقامہ ڈکلیئر تھا ۔کاغذات نامزدگی میں اس کی کاپی منسلک تھی ۔ سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ اختلاف کسی شخصیت سے نہیں ۔نظرئیے سے ہوتاہے۔ جمہوریت میں 58ٹو بی شامل کر دیا جائے تو جمہوریت نہیں رہتی ۔ شہبازشریف کو آئندہ الیکشن میں کامیابی پر وزیراعظم بنا ئے جانے کی اطلاعات پر انہوں نے کہا کہ قیادت کا فیصلہ پارٹی کرے گی ۔مجھے کسی نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا ۔