Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلمان ذکر رسو ل صلی اللہ علیہ وسلم سے قلوب کو منور کریں ،مولانا نوید

بزم طلباءقدیم جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام نظام علی خان کا الوداعیہ و محفل نعت
جدہ ( امین انصاری )بزم طلباءقدیم جامعہ نظامیہ جدہ نے معروف نعت خواں استاد نظام علی خان کی وطن واپسی پر الوداعیہ تقریب و محفل نعت کا اہتمام کیا ۔ محفل کی صدارت مولانا نوید افروز نے کی ۔ شہر کے معروف نعت خواں کے علاوہ حیدرآباد دکن سے آئے ہوئے 3 نامور نعت خواں سید عمران مصطفی، محمد مصطفی خان اور محمد ارباز حسینی نے بھی اس محفل میں شرکت کی اور نعت کا نذرانہ پیش کیا ۔ مولانا محمد عبدالسلام عزیز انواری معتمد بزم نے تلاوت کلام پاک کا شرف حاصل کیا ۔ حافظ نظام الدین غوری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ صدر مولانا نوید افروز نے کہا کہ مسلمان اپنے قلوب کو ذکر رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے منور کریں ۔ اپنی زندگی میں کثرت سے درود شریف کا ورد کریں تاکہ ہماری آخرت سنور سکے۔ مولانا نے کہا کہ اللہ کی خوشنودی بھی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے میں مضمر ہے ۔ سچے مومن کی پہچان یہ ہے کہ وہ اپنی جان ، مال اور اولاد سے بڑھ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو چاہے ۔ مولانا نے نظام علی خان کے بارے میں بتایا کہ یہ ایسے استاد ہیں جو اپنے شاگردوں کو فن سکھانے میں بخل نہیں کرتے اور جو کچھ اپنے پاس ہے وہ سب کچھ شاگرد پر نچھاور کرنا چاہتے ہیں ۔ اپنے اعزاز میں منعقدہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے نظام علی خان نے کہا کہ نعت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہمارا سرمایہ حیات ہے ۔ کوئی عجب نہیں کہ یہ ہماری بخشش کا ذریعہ بن جائے کیونکہ اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے کہ " اللہ اور ان کے ملائکہ نبی پر درود بھیتجے ہیں ،اے لوگو! تم ان پر درود بھیجو ۔ انہوں نے اس موقع پر بزم کے تمام ارکان اور مولانا نوید افروز کا شکریہ ادا کیا جو انہیں ذکر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محفل سجا کر رخصت کر رہے ہیں ۔ محفل نعت میں حصہ لینے والے نعت خوانوں میں سید احمد رضا، محمد سلیم قادری ، حافظ محمد اعجاز ،ماسٹر محمد مصطفی،ماسٹر عبدالحفیظ فہد،محمد یونس الماس، سید ابوبکر قادری،امین انصاری اور استاد نظام علی خان موجود تھے ۔ تقریب کامیاب بنانے میں شعیب علی ، محمد صابر ، محمد مبین اور دیگر بزم کے ممبران پیش پیش تھے ۔

شیئر: