تعلیم میں سرمایہ کاری، ریاض میں عالمی فورم کا انعقاد
’یہ وژن لمحاتی نہیں بلکہ اس پختہ یقین سے پیدا ہوا ہے کہ تعلیم جامع ترقی کے حصول کے لیے بنیادی ستون ہے‘ ( فوٹو: ایکس)
دار الحکومت ریاض میں تعلیم میں سرمایہ کاری فورم کا انعقاد جاری ہے جس کا افتتاح وزیر تعلیم یوسف بن عبد اللہ البنیان نے کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فورم میں مقامی اور بین الاقوامی تعلیمی ماہرین، تجارتی ادارے اور معروف شخصیات شریک ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم یوسف بن عبد اللہ البنیان نے سعودی عرب میں آنے والی بڑی تبدیلیوں کا انکشاف کیا جو مملکت کی دانا قیادت نے متعین کی ہیں۔
انہوں نے ایک روشن خیال وژن پیش کیا جو روایتی امنگوں سے آگے بڑھ کر سعودی تعلیمی نظام کو دنیا کے بہترین تعلیمی نظاموں میں شامل کرنے پر مرکوز ہے اور جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔
یہ وژن لمحاتی نہیں بلکہ اس پختہ یقین سے پیدا ہوا ہے کہ تعلیم جامع ترقی کے حصول کے لیے بنیادی ستون ہے۔

وزیر تعلیم نے جو انکشافات کئے وہ محض اہداف کا اعلان نہیں بلکہ حقیقی معیاری تبدیلیاں ہیں جو سعودی تعلیمی نظام کو دنیا کے بہترین تعلیمی نظاموں میں شامل کریں گے۔
وزیر تعلیم نے جن بنیادی نکات پر زور دیا، ان میں حکومتی، نجی اور غیر منافع بخش شعبوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
آج اس ہم آہنگی کو تعلیمی تبدیلی کے اہداف کے حصول کے لیے ایک ناگزیر عنصر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ نجی شعبے کی موجودہ شراکت صرف 17 فیصد تک محدود ہے تاہم واضح عزم موجود ہے کہ اس شرح کو 25 فیصد تک بڑھایا جائے۔
یہ ہدف اسی وقت حاصل ہو سکتا ہے جب سازگار اور پرکشش سرمایہ کاری کا ماحول پیدا کیا جائے۔
