کویت : ہفتہ کے اخبارات کی سرخیوں پر ایک نظر
کویت میں ہفتہ کو شائع ہونے والے اخبارات کی شہ سرخیاں اور اہم خبریں درج ذیل ہیں:
الانباء:
مقامی اخبار الانباء میں صفحہ اول کی شہ سرخی اس طرح ہے: 14پارلیمنٹ ارکان کے گروپ کی طرف سے اتحادی حکومت کے قیام کی تجویز ۔
تفصیل میں ہے: 14پارلیمنٹ ارکان نئی تشکیل پانے والی حکومت کے لئے تجاویز پیش کر رہے ہیں۔ حکومت کے اعلان کے بعد علاقائی صورتحال اور تبدیل ہونے والے حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔
صفحہ اول میں ہے: لبنان میں مقیم 660کویتی وطن واپس آگئے، آج آخری خصوصی فلائٹ وطن پہنچے گی۔
دوکالمی سرخی ہے: وزارت صحت مختلف اسپتالوں میں کویتی شہریوں کی بھرتی کرے گی۔
القبس:
مقامی اخبار القبس کی شہ سرخی غذائی ذخیرے کے حوالے سے ہے: وزیر تجارت نے غذائی ذخیرے کے حوالے سے اطمینان دلایا تے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے تیا رہے۔
تفصیل میں ہے: وزیر تجارت وصنعت خالد الروضان نے کہا ہے کہ حکومت ہر قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اطمینان دلایا ہے کہ وزارت نے غذائی مواد ذخیرہ کرلیا ہے۔ کسی بھی حالت میں ملک میں غذائی قلت نہیں ہوگی۔
القبس کے صفحہ اول کی 4کالمی خبر ہے: جوئے کے اڈوں میں پاسپورٹ بطور ضمانت رکھوانے کا رواج۔
تفصیل میں ہے: کویتی سیکیورٹی اداروں نے شہریوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض شہریوں کی طرف سے قابل مذمت رویہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں بیرون جانے والے کچھ جواریوں نے جوئے کے اڈوں میں ہارنے کے بعد اپنا پاسپورٹ بطور ضمانت جمع کروایا ہے۔ ایسے متعدد شہریوں کے ساتھ تفتیش کی جارہی ہے جو بیرون ملک سے آؤٹ پاس پر واپس آئے ہیں۔
الرای:
الرای اخبار نے صفحہ اول میں وزارت منصوبہ بندی میں ہونے والی لاکھوں دینار کی خرد برد کو شہ سرخی کا موضوع بناتے ہوئے لکھا ہے: وزارت منصوبہ بندی میں کئی ملین دینار کی خرد برد، ترجمہ کرنے میں غلطی یا غلطی کی ترجمانی۔
تفصیل میں ہے کہ غیرملکی کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں انگریزی میں کئے جانے والے معاہدے کے عربی ترجمہ میں غلطی کے باعث وزارت کو کئی ملین دینار نقصان اٹھانا پڑا۔ اخبار نے پوچھا ہے کہ ترجمہ کرنے میں غلطی کی ترجمانی کیوں کی جارہی ہے۔ مراد یہ ہے کہ وزارت اپنی غلطی پر پردہ ڈال کر خرد برد میں شریک ہورہی ہے۔
صفحہ اول کی خبر ہے: ٹھیلے لگانے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
تفصیل میں ہے: میونسپلٹی نے مرکزی شاہراہوں پر غیر قانونی ٹھیلے لگانے والوں کے خلاف ایک ہزار دینار جبکہ عام سڑکوں اور محلوں میں ٹھیلے لگانے پر 500دینار جرمانہ عائد کرے گی۔
صفحہ اول پر دو کالمی خبر ہے: کویتی ماں کی غیرملکی اولاد کو شہریت دینے پر غور۔
تفصیل میں ہے کہ وزارت داخلہ اور پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کویتی ماں کی غیرملکی اولاد کو کویتی شہریت دینے پر غور کرنے کے لئے اتوار کو اجلاس منعقد کرے گی۔