Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد بن سلمان کا خوبصورت خواب کے حوالے سے سعودی اخبار کا اداریہ

سعودی عرب کے مختلف اخبارات نے بدھ کی اشاعت میں جو اداریئے شامل کئے ان کا ترجمہ نذر قارئین ہے:
محمد بن سلمان کا خوبصورت خواب ۔ الجزیرہ
وطن عزیز سے متعلق خوبصورت خواب دیکھنا اچھی بات ہے۔ یہی خواب وطن عزیز میں کارناموں کی داغ بیل ڈالتے ہیں۔ یہی روشن کل کی شاہراہ کا سنگ میل ثابت ہوتے ہیں۔ ہمارے خواب آنے والے کل کی نوید سناتے ہیں۔ ہمارے راستوںکو پھلواریوں سے سجاتے ہیں۔ ایک خواب پورا ہوتا ہے تو دوسرا خواب نئی ترقی کی جگہ لے لیتا ہے۔
بڑے بڑے کاموں کی شروعات خواب اور سوچ سے ہی ہوسکتی ہے۔ خواب حقیقت بن جاتے ہیں اور سوچ حقیقت کا روپ دھار لیتی ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خواب بھی دیکھ رہے ہیں اور وژن بھی پیش کررہے ہیں۔ وژن کیلئے منصوبہ بندی، پھر اس پر عملدرآمد کا اہتمام بھی کررہے ہیں۔ سوچے سمجھے منصوبے لا رہے ہیں۔ زمینی حقائق سے ہم آہنگ توقعات کا اظہار کررہے ہیں۔ محمد بن سلمان وہی کچھ دیکھنے دکھانے کی روش پر عمل پیرا ہیں جو شاہ سلمان کے ذہن میں ہےں جو عام شہریوں کا احساس ہے۔ سعودی عوام عظیم خواب کے تئیں یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔
جی ہاں یہ بات بیحد اہم ہے کہ ہمارے کام ، ہمارے خوبصورت خوابو ںکے حجم کے بقدر ہوں۔ ایسا ہوگا تو ہمارے خوابوں کی قدرو قیمت بھی ہوگی۔ یہی اِن دنوں حقیقی خوابوں کے ذریعے انجام پا رہا ہے۔ محمد بن سلمان اسی طرف اشارہ کررہے ہیں۔ اصلاحات کا پروگرام ، تعمیراتی و ترقیاتی منصوبے ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خوابوں کے امین ہیں۔
وطن عزیز کا مستقبل جدید تاریخ مرتسم کررہا ہے۔اصلاحات اور کارناموں کی شکل میں خوبصورت کل کی حسین تصویر پیش کررہا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
اداریہ البلاد
سعودی عرب دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ معاملات کے سلسلے میں غیر متزلزل حکیمانہ پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کے اصول و ضوابط تغیر و تبدل سے بالا ہیں۔ پُرامن بقائے باہم ، دیگر ممالک کے امور میں عدم مداخلت، امن و امان کا قیام اور تنازعات کو مکالمے کے ذریعے حل کرنا اوردنیابھر کے انسانوں کیلئے جدوجہد کرنا۔ یہ وہ اصول ہیں جن سے سعودی عرب سرمو انحراف نہیں کرتا۔
دوسری جانب ایران ہے جو خطے کے ممالک کے امور میں اس قدر مداخلتیں کررہا ہے کہ بحرین، یمن اور لبنان کا امن و استحکام خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ایرانی کارندے امن پسند معاشروں کو تہہ و بالا کرنے کیلئے لڑائی جھگڑے کی آگ اور فتنے بھڑکا رہے ہیں۔ 
یمن میں حوثی باغی اور معزول علی صالح کے جنگجوﺅں نے مسلمہ آئینی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ لبنان میں حزب اللہ پورے ملک کو یرغمال بنائے ہوئے ہے۔ ایران کا عجیب و غریب اتحاد اور یمن ،لبنان و قطر میں اسکے نمک خوار وں کا اجتماع خطے کے استحکام کو متزلزل کرنے کے درپے ہے۔ یہ سب مل کر عرب ممالک میں فرقہ وارانہ اور مسلکی جھگڑوں کا زہر پھیلا رہے ہیں تاہم عرب قائدین اور انکے عوام انکی گھات میں بیٹھے ہوئے ہیںاور وہ انہیں اپنا اتحاد تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ سعودی عرب ہر فتنے کی آگ بجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سعودی عرب خیر پسند طریقہ کار کی بدولت فتنہ انگیزوں کی فتنہ انگیزی کو لگام لگائے ہوئے ہے۔
٭٭٭٭٭٭

شیئر: