اسلام آباد... سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت پر قائم ہوں۔ کبھی کسی سے این آر او نہیں کیا۔ ملک کی بہتری اور آئین کی حکمرانی کیلئے ایمانداری سے کام کرتے رہے تاہم آگے بڑھنے کیلئے ملک کی 70 سالہ تاریخ کو بدلنا ہوگا۔ حلف کی پاسداری اور ملک کی بہتری کیلئے آصف علی زرداری سے بھی غیر مشروط طور پر ہاتھ ملانے کو تیار ہوں۔ اسلام آباد کے نجی اسپتال میں مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی جب بلوچ اور نجف سیال کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ اصول پر کھڑے رہے وہ کبھی ناکام نہیں ہوتے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان کی عدم حاضری کے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اس دن جو تصویر پیپلزپارٹی کی دیکھی اس پر یقین نہیں آرہا ۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشی کی سیاست کا وقت گزر گیا۔ پاکستان کی بہتر اور آئین کی حکمرانی کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میرے ساتھ انصاف ہوتا تو میرا فیصلہ پانامہ کے بجائے اقامے پر نہ آتا۔ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ا نہوںنے کہا کہ تحریک انصاف جیسی پارٹیا ں ہمارے لئے بدقسمتی ہیں۔ ان کی طرف تو میں دیکھنا پسند نہیں کرتا ۔ تحریک کی سیاست جمہوریت کی سیاست نہیں۔ تحریک انصاف فاشٹ قسم کی جماعت ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر مکمل یقین ہے، اس میں کوئی دورائے نہیں۔ملک کیلئے اصف علی زرداری سے غیر مشروط طور پر ہاتھ ملانے کیلئے تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگ پریشان کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر خود ہوجاتے ہیں۔