20 سال بعد’ ’ٹائی ٹینک‘‘ کی تھری ڈی نمائش
جمعرات 23 نومبر 2017 3:00
ہالی وڈ کی فلمی تاریخ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ پیسے بٹورنے والی معروف فلم ’ٹائی ٹینک‘ کو ریلیز کے 20 سال گزرنے کے بعد ایک بار پھر نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا۔خیال رہے کہ ’ٹائی ٹینک‘ کو سب سے پہلے نومبر 1997 میں جاپان جب کہ 19 دسمبر 1997 کو امریکہ سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔فلم کی ریلیز کو رواں ماہ 20 سال ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے اسے ایک بار پھر ’ٹو ڈی اور تھری ڈی‘ میں پیش کرنے کا اعلان کیا۔فلم کو نئی ٹیکنالوجی میں ’ڈول بائے‘ کے تعاون سے پیش کیا جائے گا، اور ابتدائی طور پر صرف امریکہ میں ہی اس کی نمائش کی جائے گی۔فلم کی ٹو ڈی اور تھری ڈی میں نمائش کا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا۔فلم کی ٹیم نے دیگر ممالک میں اس کی ٹو ڈی اور تھری ڈی میں نمائش کا اعلان نہیں کیا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ 2018 کی ابتدائی سہ ماہی میں اسے دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا۔