نئی دہلی۔۔۔۔۔۔ ٹاٹا موٹرز کی سب سے سستی نینو کار کے اب بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کیونکہ اس کار کی مانگ اور فروخت میں بہت تیزی سے کمی آتی جارہی ہے۔ جسے دیکھتے ہوئے کمپنی اسے بند کرنے کا کبھی بھی فیصلہ کرسکتی ہے۔ ملک بھر میں ٹاٹا کی زیادہ تر ڈیلر شپ پر یہ کار آپ کو دکھائی نہیں دے گی۔ اکثر شورومز اس کار سے خالی پڑے ہیں۔ اتنا ہی نہیں زیادہ تر ڈیلرز نے پچھلے 3 ، 4 مہینوں میں اس کار کے آرڈرز لینا بھی بند کردیئے ہیں۔ ان کے شورومز میں نینو کار کے بجائے ٹاٹا ٹیاگو ، ٹیگور ہیگسا اور نیکسن وغیرہ دیکھنے کو ملیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹاٹا نینو ان ماڈلز میں شمار کی جانے لگی ہے جن کی ماہانہ پیداوار اور فروخت کا حجم انتہائی نچلی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ نینو کار کو ابتداء میں ایک لاکھ روپے کی قیمت پر لانچ کیاگیا تھا جو وقت کے ساتھ قیمت کے اعتبار سے بڑھتی رہی۔ ابھی ٹاٹا نینو کی دہلی میں قیمت 2.25 لاکھ روپے سے بڑھ کر 3.20 لاکھ روپے کی ایکس شوروم قیمت پر فروخت کی جارہی ہے۔ ٹاٹا موٹرز نے اگست میں 630 آؤٹ لیٹس پر کل 180 نینو کاریں بھیجی تھیں۔ ستمبر میں یہ تعداد کم ہوکر 124 رہ گئی اور اب اکتوبر میں اعدادوشمار کے مطابق یہ تعداد صرف 57 پر پہنچ گئی ہے۔ ڈیلرز کے مطابق ستمبر میں پوری دہلی میں کوئی ایک بھی خریدار نینو کار لینے نہیںآیا۔ ذرائع کے مطابق ٹاٹا نینو کی ڈیمانڈ ٹیکسی سیگمنٹ کے طور پر رہ گئی ہے۔ ٹاٹا نینو کو ہدف کے حساب سے بنایا جارہا ہے جبکہ اب کمپنی نے اپنے ان ماڈلز پر توجہ مرکوز کردی ہے جن کی ڈیمانڈ سب سے زیادہ ہے۔ کمپنی ذرائع کے مطابق ٹاٹا موٹرز نے نینو الیکٹرک کار لانچ کرنے کی تیاری کی ہے جو آج منگل کو نمائش کیلئے پیش کی جاسکتی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کار کا پہلا بیج جلد ہی شوروم میں بھیج دیا جائے گا۔