پٹنہ۔۔۔۔بہار میں ضلع پٹنہ کے بختیار پور تھانہ علاقہ میں 6سالہ بچے کے اغوا کے معاملے میں پولیس نے اسکے چچا سمیت 8افراد کو گرفتار کرکے بچے کو بحفاظت برآمد کرلیا۔ سینیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ مون مہاراج نے بتایا کہ گزشتہ روز اطلاع ملی تھی کہ بختیار پور تھانہ کے ٹیکا گاؤں میں رہنے والے دوائوںکے تاجر منوج سنگھ کے 6سالہ بیٹے سوربھ کو نامعلوم بدمعاشوں نے اغوا کرلیا۔ وہ لوگ بچے کی رہائی کے عوض50لاکھ روپے تاوان طلب کررہے ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نے اس معاملے پر درج ایف آئی آر پر کارروائی کرنے کیلئے علاقے کے جرائم پیشہ افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی۔ اسی دوران پولیس کو ٹیکا کے گڈو کمار ، وویک یادو اور نتیش (بچے کے چچا) کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ملی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چچا سمیت 8افراد کو گرفتار کرلیا اور بچے کو بحفاظت برآمد کرلیا۔