اسلام آباد(یوسف بلوچ) پاکستانی وزیر دفاع خرم دستگیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب مکمل دفاعی تعلقات استوار کریں گے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار منگل کو اسلام آباد میں سعودی عرب کے نائب وزیردفاع محمد بن عبداللہ العیش کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔ پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف سعید المالکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستانی وزیردفاع نے تجویز کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان دفاعی تعاون کو راسخ کرنے کیلئے مکمل اسٹراٹیجک تعاون معاہدہ کریں۔ خرم دستگیر نے انسداد دہشت گردی کیلئے قائم اسلامی فوجی اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے دفاع کی کامیاب کانفرنس پر سعودی ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی۔ خرم دستگیر نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان حرمین شریفین کی سلامتی ، تحفظ اور سعودی عرب کے اتحاد و خود مختاری کی پاسداری کا پابند ہے۔ سعودی عرب کے نائب وزیردفاع محمد العیش نے کہا کہ سعودی عرب اپنی افواج کو انسداد دہشت گردی کی تربیت کیلئے پاکستان کا تعاون حاصل کرے گا۔