ریاض۔۔۔۔سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد نے یمن میں انسانی امور کے عالمی رابطہ کار کے بیان کو حوثی نواز قراردیدیا۔عرب اتحاد نے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانبداری پر افسوس کا اظہار کیا۔ اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے رابطہ کار نے حوثی ملیشیاکو’’ عملی حکام ‘‘کہہ کر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے بیانات کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے یہ تعبیر استعمال کرکے انسانی عمل کو سیاست زدہ کردیا۔ انہوں نے ایک طرح سے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ المالکی نے اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ یمن میں اپنے کارندوں کی کارکردگی اور انسانیت نواز سرگرمیوں کے طریقہ کار پر نظر ثانی کرے اور کارندوں کی کارکردگی پر نظر رکھے۔