اسلام آباد.... وزیر مملکت برائے خزانہ و اقتصادی امور رانا محمد افضل خان سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سیّد المالکی نے ملاقات کی اور رواں ماہ 16 اور 17 تاریخ کو ہونے والے پاک۔سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پچھلے تین سال کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے بالخصوص ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالہ سے اہم فیصلے کئے ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے دور رس وژن 2030 مرتب کیا ہے جس کا مقصد سعودی عرب کی سماجی و اقتصادی ترقی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے مشترکہ تجارتی نمائشوں اور پاک۔سعودی بزنس کونسل کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حلال فوڈ، کیٹل فارمنگ، دودھ، ماہی پروری اور دیگر زرعی صنعتی منصوبوں میں سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔