ممبئی.... ممبئی میں ہفتے کو او این جی سی کا ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ اس میں 7 افراد سوار تھے جن میں سے 4کی نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں جبکہ باقی 3کے بارے میں سرکاری سطح پر کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ۔ان میں سے ایک نعش کی پہچان پنکج گرگ کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ہیلی کاپٹر نے جوہوکے علاقے سے صبح 10بجکر 20منٹ پر اڑان بھری تھی اور 10 بجکر 58منٹ پر اسے لینڈ کرنا تھا۔ ذرائع کے مطابق 10بجکر 30منٹ پر اے ٹی سی اور ہیلی کاپٹر کے درمیان رابطہ منقطع ہوگیا۔ 7افراد میں 5لوگ او این جی سی کے ملازمین اور 2پائلٹ تھے۔ یہ سب اپنے سرکاری کام پر جارہے تھے۔وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے فوری طور پر وزیر دفاع نرملا سیتا رمن سے رابطہ کیا تاکہ امدادی کارروائی تیزکی جاسکے اسلئے انکے حکم پر اسٹیلتھ آبدوز کو بھی ٹیگ کیا گیا۔ باقی 3افراد کے بارے میں تادم تحریر کوئی اطلاعات نہیں ملی تھی۔