Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک کے بیشتر شہروں میں بارش، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان کے بیشتر میدانی علاقوں میں اس وقت بارش کا سلسلہ جاری ہے بارشیں ہورہی ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہو چکا ہے اور کچھ علاقوں میں اگلے چند گھنٹوں میں بارش شروع ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ’اٹک، راولپنڈی، جہلم، خانیوال، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔‘
دوسری جانب صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے لیکن کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، ژوب میں بارش جبکہ مستونگ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے۔
تھوڑی دیر قبل اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بادل برسنے کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں بھی تیز بارش کے ساتھ ساتھ برف باری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

بالائی علاقوں میں برفباری

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپر سوات، دیر اور بالائی چترال میں برفباری ہو رہی ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں گلیات، چترال، سوات، دیر، ناران اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں برف باری متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔

گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاڑا چنار میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 جبکہ مالم جبہ میں منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موسم کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے نے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی میں بارش جبکہ ضلع کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

برف باری، ’ابھی تک کوئی سڑک بند نہیں ہوئی‘

بالائی علاقوں دیر، سوات، چترال کے کچھ مقامات میں برف پڑ رہی ہے تاہم سڑکوں کے بند ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ اپر دیر اور لواری ٹنل کے مقام پر رات سے برفباری ہو رہی ہے مگر شاہراہ ٹریفک کے لیے کھلی ہوئی ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کے آفس کے مطابق برفباری کی وجہ سے ٹریفک معطل نہیں ہوئی، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر برف ہٹانے کی مشینیں تیار رکھی گئی ہیں۔

بارش کے بعد مختلف شہروں میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

چترال کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹنل کے قریب متصل شاہراؤں پر مشینیں برف ہٹانے میں مصروف ہیں، تاہم ٹریفک معطل نہیں ہے۔
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے ترجمان سعد بن اویس کے مطابق سیاحتی مقامات میں تمام سڑکیں کھلی ہیں مگر احتیاطی تدابیر کے لیے سوشل میڈیا پر سیاحوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سیاح پہاڑی علاقوں میں سفر کرتے وقت گاڑی کے ٹائروں میں سنو چین کا استعمال کریں اس کے علاوہ سیاحوں کو کھانے پینے کا سامان ساتھ رکھنے کی ہدایات کی گئی ہے۔
ٹورازم اتھارٹی کے مطابق برفباری کے بعد آنے والے ویک اینڈ پر سیاحوں کے رش میں اضافے کا امکان ہے، اسی لیے ضلعی انتظامیہ کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شیئر: